اسلام آبادہائیکورٹ،7ماہ میں10780مقدمات نمٹائے گئے

جسٹس راجہ انعام امین منہاس 1511 مقدمات نمٹاکر سر فہرست رہے 
 زیر التوا کیسز کی تعدادکم ہوکر 14590 رہ گئی، کارکردگی رپورٹ جاری 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا کیسز کی تعداد 17756 سے کم ہوکر 14590 رہ گئی، 12 فروری سے 30 ستمبر2025 تک 10780 مقدمات نمٹائے گئے، جبکہ گزشتہ برس اس مدت میں 8254 مقدمات کے فیصلے کئے گئے تھے،جسٹس راجہ انعام امین منہاس 1511 مقدمات کے فیصلے کرکے سر فہرست رہے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کے عہدہ سنبھالنے کے بعد کی ہائیکورٹ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 7735 نئے کیسز دائر ہونے کے باوجود زیرالتوا کیسز کی تعداد میں کمی ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ 7 ماہ میں مجموعی طور پر 10780 مقدمات نمٹائے ،گزشتہ سال اسی مدت میں 8254 مقدمات نمٹائے گئے تھے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر نے اس سال 12 فروری کو قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھایا، چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے باعث عدالتی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔