جن جماعتوں کے پاس بیچنے کیلئے کچھ نہیں وہ صرف تنقید کرتی ہیں: شرجیل میمن

 اگست میں ڈبل ڈیکر بسز کا آغاز کیا جارہا ہے، ای وی بسوں کے بعد ای وی ٹیکسی بھی متعارف کروائیں گے 
کراچی(اے ایف بی) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کام کر رہی ہے، جن سیاسی جماعتوں کے پاس بیچنے کے لیے کچھ نہیں ہے وہ صرف تنقید کرتی ہیں۔کراچی میں جام صادق پل کے دورے کے دوران سینئر وزیر نے ییلو لائن بی آر ٹی کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، انہیں ییلو لائن بی آر ٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر سینئر وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد میں تیز رفتاری سے ییلو لائن بی آر ٹی کا کام جاری ہے، ابھی جام صادق برج کی تعمیر جاری ہے،محکمہ ٹرانسپورٹ کی ترجیح ہے کہ بی آر ٹیز پر تیزی سے کام مکمل کریں، بی آر ٹیز پر ای وی بسیں چلائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اگست میں ڈبل ڈیکر بسز کا آغاز کیا جارہا ہے، ای وی بسوں کے بعد ای وی ٹیکسی بھی آئندہ ماہ متعارف کروائیں گے۔ ماحول دوست گاڑیوں سے شہریوں سمیت ماحول کو بھی فائدہ ہوگا، آئندہ ماہ ای وی پنک موٹر سائکل مفت میں خواتین کو دی جائیں گی۔