گورنر سندھ کو تبدیل کرنا ن لیگ کا فیصلہ ہے، ہم کچھ نہیں کر سکتے،شرجیل میمن

نئے گورنر نہال کو ویلکم کرتے ہیں، ہمارا کسی سے اختلاف نہیں ، تعاون کریں گے 
گل پلازہ متاثرین کے لیے ایکسپو سینٹر میں بازار، عید تک دکانیں بحال ہو جائیں گی
کراچی(آئی این پی ) وزیر اطلاعات و نشریات سندھ شرجیل میمن نے کہاہے کہ گورنر سندھ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ مسلم لیگ ن کا اپنا ہے اس میں ہم کچھ نہیں کر سکتے، ہم نئے گورنر نہال ہاشمی کو ویلکم کرتے ہیں، ہمارا کسی سے اختلاف نہیں ہے ،سندھ حکومت نئے گورنر سے تعاون کرے گی، نئے آنے والے گورنر آئین کے مطابق اپنا کردار ادا کریں، پچھلے گورنر سے بھی تعاون کیا تھا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار نے ایکسپو سینٹر کراچی میں گل پلازہ بازار کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر اور بی ایم جی کے سربراہ زبیر موتی والا نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد بھی تقریب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار کے ہمراہ موجود تھے۔  شرجیل میمن نے کہا کہ نئے نامزد گورنر سندھ نہال ہاشمی سے امید ہے کہ وہ آئینی کردار ادا کریں گے، سندھ حکومت نے پہلے گورنر سے بھی تعاون کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی اختلاف کی طرف نہیں جانا سب نے مل کر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے