سینیٹ میں چھوٹے بچوں کے حد سے زیادہ اور بغیر نگرانی کے سوشل میڈیا استعمال کے مسئلے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت سینیٹر شیری رحمان نے کی اور سیکٹر جی سیون ٹو میں حالیہ گیس لیکیج دھماکے میں جاں بحق افراد کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔سینیٹر فلک ناز نے بچوں کے سوشل میڈیا کے غیر محدود استعمال پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے اس نوٹس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی اہم مسئلہ ہے اور اس پر قومی سطح پر بحث ہونی چاہیے۔پریذائیڈنگ افسر شیری رحمان نے کہا کہ معاملہ نہایت حساس ہے اور اسے صرف آئی ٹی کمیٹی کے پاس نہیں بھیجا جا سکتا کیونکہ اس میں کئی وزارتیں شامل ہیں۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر اس مقصد کے لیے اسپیشل کمیٹی تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت قانون سے بھی رائے لینا ضروری ہوگی۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن کے نو منتخب سینیٹر عابد شیر علی نے حلف اٹھایا، جبکہ وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے سینیٹ میں انتقال ریلویز ترمیمی بل 2025 پیش کیا، جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔ سینیٹ کا اجلاس پیر شام 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔اس نوٹس کا مقصد بچوں کی ذہنی و جسمانی صحت کے تحفظ کے لیے سوشل میڈیا ایپس کے استعمال کو کنٹرول اور نگرانی کے طریقہ کار وضع کرنا ہے، تاکہ ان کی تعلیم اور سوشل ڈویلپمنٹ متاثر نہ ہو۔