لاہور: پانچ ماہ کی حاملہ خاتون کے اندھے قتل کا ڈراپ سین، سسر ہی قاتل نکلا

لاہور: پانچ ماہ کی حاملہ خاتون کے اندھے قتل کا ڈراپ سین، سسر ہی قاتل نکلا

لاہور: فیکٹری ایریا کے علاقے میں 32 سالہ پانچ ماہ کی حاملہ خاتون شازیہ کے اندھے قتل کا چند گھنٹوں میں ڈراپ سین ہوگیا، پولیس نے مقتولہ کے سسر کو گرفتار کرلیا، جس نے دورانِ تفتیش اپنی بہو کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ شازیہ دو بیٹیوں کی ماں تھی اور پانچ ماہ کی حاملہ تھی۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا۔بعد ازاں ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ عاصم افتخار کمبوہ کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن فیکٹری ایریا ظفر اقبال نے تفتیش کا آغاز کیا اور مختلف پہلوؤں سے شواہد اکٹھے کیے۔تحقیقات کے دوران مقتولہ کے سسر کو شاملِ تفتیش کیا گیا تو اس نے اپنی بہو کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔ انچارج انویسٹی گیشن فیکٹری ایریا کے مطابق ملزم کو اپنی بیٹی کی شادی کے معاملے پر رنج تھا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ شازیہ کے بھائی نے ملزم کی بیٹی کو گھر سے لے جا کر اس کے ساتھ کورٹ میرج کرلی تھی، جس پر ملزم شدید ناراض تھا۔ اسی رنجش کی بنیاد پر ملزم نے موقع ملنے پر اپنی بہو شازیہ کے گلے میں دوپٹہ ڈال کر اسے قتل کردیا۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور واقعے سے متعلق شواہد کی روشنی میں چالان مرتب کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کا مضبوط چالان تیار کرکے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔