ویب ڈیسک: امن کے نوبیل انعام کے خواہشمند امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر امن قائم کرنے کی کوششوں میں کامیاب ہوتے دکھائی دے رہے ہیں، انہوں نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جاری کشیدگی ختم کروا کر ایک اہم معاہدہ کرایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے دونوں ممالک کے سربراہان کو وائٹ ہاؤس مدعو کیا، جہاں مذاکرات کے بعد مکمل جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا۔ اس موقع پر صدر آذربائیجان الہام علیوف اور وزیراعظم آرمینیا نے امن کے لیے طے پانے والے معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ صدر ٹرمپ نے بطور گواہ اس معاہدے پر دستخط ثبت کیے۔ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ اب دونوں ممالک کو تجارت اور معیشت پر توجہ دینی چاہیے، ساتھ ہی انہوں نے پاک-بھارت سیزفائر کا ذکر بھی کیا اور امید ظاہر کی کہ روس اور یوکرین کے درمیان بھی جلد جنگ بندی ہو سکتی ہے۔صدر آذربائیجان نے کہا کہ اس معاہدے کے ذریعے امن کے لیے ایک نیا راستہ کھل گیا ہے اور دونوں ممالک ذمے داری کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ آرمینیا اور آذربائیجان کے رہنماؤں نے ٹرمپ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا نام نوبیل امن انعام کے لیے تجویز کرنے کا اعلان کیا۔