لاہور(سپورٹس ڈیسک )ہاکی اولمپئنز نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر سے قومی کھیل کو بچانے کا مطالبہ کیا ہے۔کراچی پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پی ایچ ایف پر ایسے عناصر قبضہ جما چکے ہیں جن کو باضابطہ طور پر بد عنوان قرار دیا گیا،قومی ہاکی کو بچانے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف درست سمت میں تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو عبرت کا نشانہ بنایا جائے۔رکن قومی اسمبلی سیدہ شہلا رضا اور ہاکی اولمپینز نے وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے درخواست کی ہے کہ قومی کھیل کو بچانے کے لیے فوری طور پر پاکستان ہاکی فیڈریشن پر ایڈہاک لگا کر فوری طور پر صاف اور شفاف انداز میں انتخابات کرائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایس بی نے یو ٹرن لیتے ہوئے پی ایچ ایف کو ہی فیڈریشن کے انتخابات کرانے کی ذمہ داری سونپ دی ہے، پورٹل کے ذریعے کلبز کی رجسٹریشن کو تسلیم نہیں کرتے،کسی بھی غیر قانونی انتخابی عمل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا، بھرپور احتجاج کرتے ہوئے ہر قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والوں میں اولمپین سمیع اللہ خان، کلیم اللہ خان، حنیف خان، ایاز محمود، ناصر علی، افتخار سید، فیڈریشن کے سابق سیکریٹری انٹرنیشنل حیدر حسین اور پرویز اقبال سمیت دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔