ڈی ایس پی اظہر نوید خان نے بیٹے سے مل کر شہری کے3کروڑ40 لاکھ ہڑپ کرلئے بیرون ملک فرار ہونے کی تیاریاں

 لینڈ کروزر اور فارچیونر گاڑیوں کی خریداری کے بہانے رقم بینک اکاؤنٹس میں منتقل کروائی گئی،  نہ تو گاڑیاں فراہم کی گئیں اور نہ ہی رقم واپس کی گئی
رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر ڈی ایس پی کے بیٹے نائل اظہر نے اسلحہ کی ویڈیوز بھیج کر ہراساں کیا‘ڈی ایس پی بھی دھمکیاں دے رہے ہیں:درخواست گزار حسام خان
نائل اظہر ملک سے فرار ہو چکا ‘پولیس کی ابتدائی انکوائری رپورٹ میں باپ بیٹا قصور وار ثابت‘دونوں کے خلاف محکمانہ انکوائری کرنے کی سفارش
لاہور( کاشف بٹ  )پنجاب پولیس کے حاضر ڈیوٹی ڈی ایس پی اظہر نوید خان اور ان کے بیٹے نائل اظہر خان پر شہریوں سے کروڑوں روپے کے مبینہ فراڈ کا سنگین الزام سامنے آ گیا ہے۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق ڈی ایس پی اظہر نوید اور ان کے بیٹے نے گاڑیوں کی خریداری کے نام پر ایک شہری سے 3 کروڑ 40 لاکھ روپے ہتھیانے کا الزام ہے۔درخواست گزار حسام خان کے مطابق لینڈ کروزر اور فارچیونر گاڑیوں کی خریداری کے بہانے رقم بینک اکاؤنٹس میں منتقل کروائی گئی، تاہم نہ تو گاڑیاں فراہم کی گئیں اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔ رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر ڈی ایس پی کے بیٹے نائل اظہر کی جانب سے اسلحہ کی ویڈیوز بھیج کر ہراساں کرنے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔درخواست گزار کا مزید کہنا ہے کہ ڈی ایس پی اظہر نوید اپنے عہدے اور وردی کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مالی بدعنوانی کے بعد ڈی ایس پی کا بیٹا نائل اظہر ملک سے فرار ہو چکا ہے جبکہ ڈی ایس پی اظہر نوید خان بھی بیرونِ ملک روانگی کی تیاری کر رہے ہیں۔پولیس کی ابتدائی انکوائری میں ڈی ایس پی اظہر نوید خان اور ان کے بیٹے نائل خان کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق یہ بات ثابت ہوئی کہ ڈی ایس پی اظہر نوید اس مالی لین دین میں اپنے بیٹے کے ذریعے مکمل طور پر شامل تھے۔انکوائری رپورٹ میں ڈی ایس پی اظہر نوید خان کے خلاف ریگولر ڈیپارٹمنٹل انکوائری شروع کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ انٹرنل اکاؤنٹبلٹی برانچ نے معاملے کی تفصیلی رپورٹ ایس ایس پی کو ارسال کر دی ہے، جس پر مزید کارروائی متوقع ہے۔