صنعتوں کی گیس کم کرکے گھریلو صارفین کو فراہمی بڑھانے پر غور

حکومت کی اولین ترجیح سردیوں میں گھریلو صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے:علی پرویز ملک 
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک نے سردیوں کے دوران گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس فراہم نہ ہونے پر نوٹس لیتے ہوئے سوئی گیس کمپنیوں کو گیس فراہمی بہتر بنانے کی ہدایت جاری کر دی  ۔وفاقی وزیر نے سوئی  ناردرن اور سوئی سدرن کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ گھریلوصارفین کوبلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے،صنعت سے گھریلو شعبے کو اضافی گیس منتقل کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔وزیرپیٹرولیم نے سوئی کمپنیوں کوگیس کی طلب و رسد سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ پیٹرولیم ڈویژن میں روزانہ صبح 10 بجے گیس کی صورتحال کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے،سوئی ناردرن کے مطابق 6 جنوری سے گھریلو گیس سپلائی 691 سے بڑھا کر 746 ایم ایم سی ایف ڈی کر دی گئی ہے جبکہ شیوا فیلڈ کی پیداوار 55 سے بڑھا کر 65 ایم ایم سی ایف ڈی کر دی گئی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح سردیوں میں گھریلو صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔