گھریلو صارفین کو آر ایل این جی کی فراہمی کا بڑا فیصلہ

 سستی، محفوظ اور صاف توانائی ہر گھر تک پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح  ہے :   وفاقی وزیر علی پرویز ملک
اسلام آباد (آن لائن)  وفاقی وزیر برائے توانائی   علی پرویز ملک  کی زیر صدارت گھریلو صارفین کو  آر  ایل این جی (ری گیسیفائیڈ مائع قدرتی گیس)  کی فراہمی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں منصوبے کے عملی پہلوؤں، حکمت عملی اور عوامی سہولت کے لیے جامع روڈ میپ پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں  سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیز  کے اعلیٰ  حکام شریک ہوئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے ہدایت کی  کہ   عوام کی سہولت یقینی بنانے کے لیے ایک مضبوط، شفاف اور صارف دوست میکانزم تشکیل دیا جائے، تاکہ توانائی کی رسائی ہر گھر تک ممکن ہو سکے۔ ایم ڈی سوئی کمپنیز  نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ منصوبے کے پہلے سال میں نئے آر ایل این جی کنکشنز  فراہم کرنے کا بڑا ہدف مقرر کیا جائے گا، جس کے تحت عوام کو مرحلہ وار سہولت دی جائے گی۔  وفاقی وزیر نے واضح کیا  کہ   آر ایل این جی، ایل پی جی کے مقابلے میں تقریباً  30 فیصد سستی  اور گھریلو استعمال کے لیے  محفوظ ایندھن  ہے، جو وزیرِاعظم شہباز شریف کے وڑن  صاف، محفوظ اور سستی توانائی   کو عملی جامہ پہنانے کی جانب اہم قدم ہے۔   وفاقی وزیر نے دونوں سوئی کمپنیوں میں پراجیکٹ مینجمنٹ آفس    کے قیام کی ہدایت بھی جاری کی، جو درخواست سے لے کر کنکشن کی  فراہمی تک کے مکمل عمل  کی نگرانی کریں گے۔