اسلام آباد (آئی این پی)اقتصادی رابطہ کمیٹی( ای سی سی) نے مختلف وزارتوں کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دے دی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مالی سال 2024-25 کیلئے مختلف وزارتوں کیلئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی گئی۔اعلامیہ کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت دفاع کے لیے 15.839 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس منظور کی، اس کے علاوہ محکمہ آڈیٹر جنرل کی عمارات کے کرائے کیلئے 6.3 کروڑ روپے کی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔ملکی قرض کی واپسی کیلئے 829.67 ارب روپے اور غیر ملکی قرض کیلئے 1774.20 ارب روپے کی گرانٹس منظور کی گئیں ، جبکہ وزارت خارجہ کو وفود کے اخراجات کیلئے 10 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس دی گئی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا اور بلوچستان کیلئے 1.765 ارب روپے کی گرانٹس منظور کیں جبکہ اسلام آباد پولیس کی واجبات کی ادائیگی کیلئے 30 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی گئی۔جدید تحقیقاتی سامان کیلئے آئی سی ٹی پولیس کو 5.2 کروڑ روپے کی گرانٹس دی گئیں، سپارکو کیلئے 5.5 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس منظور کرلی گئیں، جبکہ پیٹرولیم کور ہاس منصوبے کیلئے 11.79 کروڑ روپے کی گرانٹس دی گئیں۔بلوچستان میں افسران کو مراعات کیلئے 25.45 کروڑ روپے کی گرانٹس منظور کی گئیں، جبکہ ایگزیکٹو بلڈنگ اسلام آباد کی مرمت کیلئے 19.8 کروڑ روپے کی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مالی سال 2025-26 کے لیے نئی قدرتی گیس قیمتوں کے ڈھانچے کی منظوری دے دی، صنعت، پاور سیکٹر اور بلک صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں اوسطا 10 فیصد اضافہ منظور کیا گیا۔گھریلو صارفین کیلئے قیمتیں برقرار رہیں گی