ایران کیخلاف اپنی سرزمین اور فضا ء استعمال نہیں ہونے دیں گے دفترخارجہ

ایرانی قیادت اور عوام پر یقین، خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام چاہتے ہیں ‘  امریکی امیگرنٹ ویزا کی پروسیسنگ  بند ہونے سے متعلق امریکی حکام سے رابطہ ہے
بھارتی آرمی چیف کے دہشت گردی سے متعلق  الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں‘غیرذمہ دارانہ الزامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں
  معاہدہ ابراہیمی پر پاکستان کا بینچ مارک  آزاد اور خودمختار ریاست فلسطین کا قیام ہے، پاکستان عرب اسلامی ممالک کے گروپ کے ذریعے غزہ امن عمل میں شریک ہے  
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان نے کہا ہے  ایران کی صورت حال پر نظر ہے، ایران کیخلاف اپنی سرزمین و فضا استعمال نہ ہونے دینے کے موقف پر کاربند  ہیں، ایران کے مسئلہ کا پرامن حل چاہتے ہیں، امن کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے، خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں،  امریکی امیگرنٹ ویزا کی پروسیسنگ سے متعلق امریکی حکام سے رابطہ ہے،  امید ہے کہ امیگرنٹ ویزا کی معمول کی آن لائن پروسیسنگ جلد بحال ہو جائے گی،بھارتی آرمی چیف کے دہشت گردی سے متعلق  الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں۔ان خیالات کااظہار  دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار  پریس بریفنگ میں کیا ۔انہوں  نے  کہا ہے کہ ایران کے مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں، پاکستان امن کیلئے کردارادا کرتا رہے گا، ایران کے امن و استحکام کی حمایت کرتے ہیں، امید ہے ایران اپنے بحران پر جلد قابو پا لے گا۔۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان ماضی کی طرح اب بھی ایران کے خلاف اپنی سرزمین اور فضائی حدود استعمال نہ ہونے دینے کے موقف پر قائم ہے اور آج بھی ہمارا موقف یہی رہے گا۔۔طاہر اندرابی نے کہا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ ملک اور عالمی برادری کا اہم رکن ہے لہذا پاکستان ایران کو ایک دوست اور برادر ملک کے طور پر پرامن اور خوشحال دیکھنا چاہتا ہے،۔انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکی ویزوں پر پابندیوں سے متعلق رپورٹس دیکھی ہیں، اس معاملے پر امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، امریکا اپنی ویزا پالیسی پر نظر ثانی کررہا ہے، امید ہے امریکہ جلد پاکستان کے لیے ویزے بحال کرے گا، امیگرینٹس پالیسیوں کے حوالے سے ہم یوایس اتھارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔امریکا کے ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ یہ ایک جاری صورتحال ہے، جائزہ لے رہے ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ پاک ایران تجارت عالمی تجارتی قوانین کے تحت ہو رہی ہے، پاکستان کے امریکہ کے ساتھ اچھے تجارتی تعلقات ہیں۔ایک سوال کے جواب میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان بھارتی آرمی چیف کے بیانات کو مسترد کرتا ہے، بھارتی آرمی چیف کے الزامات  بے بنیاد اور سیاسی مقاصد کے لئے گھڑی گئی من گھڑت کہانی ہیں، پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیاں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات خود بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔