سہ فریقی اجلاس: سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق(پاکستانی کیخلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دینگے افغان وزیر خارجہ

کابل میں  مذاکرات ‘ نائب وزیراعظم  اسحاق ڈار، چین کے وزیر خارجہ اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ شریک ہوئے‘ تینوں فریقوں نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کابل میں  پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چین کے وزیر خارجہ اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ کے درمیان چھٹی سہ فریقی وزرائے خارجہ مذاکرات منعقد ہوئے۔ان مذاکرات میں سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی تینوں فریقوں نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔اسی طرح تجارت، ٹرانزٹ، علاقائی ترقی، صحت، تعلیم، ثقافت اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام میں تعاون کو گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا‘مزید برآں پاک چین اقتصادی راہداری  کو افغانستان تک توسیع دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں تجارت، علاقائی روابط اور دہشت گردی کے خلاف تعاون پر بات چیت کی گئی جبکہ اسحاق ڈار کی افغان نگران وزیر خارجہ سے دو طرفہ ملاقات بھی ہوئی۔۔اسحاق ڈار نے افغانستان کی سرزمین پر سرگرم دہشت گرد گروہوں کی جانب سے پاکستان میں حالیہ حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور افغان حکام پر زور دیا کہ وہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) و مجید بریگیڈ جیسے عناصر کے خلاف ٹھوس اور مؤثر اقدامات کریں۔افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی دہشت گرد گروہ کو پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے افغان حکام کی پْرتپاک میزبانی پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعاون کے تسلسل کی امید ظاہر کی۔