بانی پی ٹی آئی کی جیل سہولتوں سے متعلق نظر ثانی درخواست، جیل حکام کا رویہ آئین و قانون کے خلاف

بانی پی ٹی آئی کی جیل سہولتوں سے متعلق نظر ثانی درخواست، جیل حکام کا رویہ آئین و قانون کے خلاف

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جیل سہولتوں کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست دائر

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید چوہدری نے نظر ثانی کی درخواست دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 10 جنوری کو اسپیشل جج سینٹرل کورٹ شاہ رخ ارجمند کی جانب سے جیل سہولتوں سے متعلق جاری کیے گئے حکم کے بعد بھی انہیں قانونی طور پر فراہم کی جانے والی جیل سہولتیں نہیں دی جا رہیں۔ درخواست گزار نے جیل حکام کے رویے کو آئین اور قانون کے خلاف قرار دیا اور عدالت سے استدعا کی کہ وہ ٹرائل کورٹ کے حکم کے غلط استعمال کو روکے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی ہدایت دے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ درخواست گزار کو ہفتہ وار اپنے بچوں کے ساتھ فون کالز کی اجازت دی جائے، نیز کتابیں اور اخبارات جیسے ایکسپریس ٹریبیون سمیت دوسرے انگریزی اخبارات فراہم کیے جائیں۔ درخواست گزار نے پریزن ایکٹ اور پاکستان جیل رولز 1978 کے تحت فیملی اور وکلاء کے ساتھ ہفتہ وار ملاقاتوں کی ضمانت دینے کی بھی استدعا کی ہے۔