جنوبی بھارت کی بلاک بسٹر فلم پشپا 2 کے کمپوزر دیوی سری پراساد (ڈی ایس پی) نے پشپا 3 کے حوالے سے تازہ ترین معلومات فراہم کی ہیں۔
دیوی سری پراساد نے بتایا کہ پشپا 2 کی بے مثال کامیابی کے بعد، پشپا 3 کی تیاری کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ فلم کے ہدایتکار اور فلمساز سوکومار اس وقت اس کی کہانی پر دوبارہ کام کر رہے ہیں تاکہ تیسری فلم کو پہلے سے بھی بہتر اور دلچسپ بنایا جا سکے۔دیوی سری پراساد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشپا 3 کے لیے کچھ نئے اور منفرد خیالات تیار کیے جا رہے ہیں، جنہیں وقت کے ساتھ مکمل شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سوکومار اس منصوبے پر بڑی محنت اور جوش کے ساتھ کام کر رہے ہیں، اور فلم کی کہانی، مناظر اور دیگر عناصر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ مداحوں کی توقعات پر پورا اُتر سکے۔
پشپا 3 میں مرکزی کردار میں تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار الو ارجن ہی نظر آئیں گے، جو پشپا کے کردار کو اپنے منفرد انداز میں ادا کریں گے۔واضح رہے کہ پشپا 2 نے بھارت اور دنیا بھر میں شاندار کامیابی حاصل کی تھی، اور یہ فلم باکس آفس پر ایک بڑی ہٹ ثابت ہوئی۔ 5 دسمبر 2024 کو ریلیز ہونے والی پشپا 2 ابھی تک تھیٹرز میں دکھائی جا رہی ہے، اور اس کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی۔ اس کی کامیابی نے فلم کی فرنچائز کے تیسرے حصے کے بارے میں مداحوں میں بے پناہ تجسس اور انتظار پیدا کیا ہے، جس کا اب باقاعدہ طور پر آغاز ہو چکا ہے۔