لاہور ہائیکورٹ نے جناح ہاؤس حملے کے مقدمے میں ملزم سلیم احمد کی درخواست پر سماعت کی، جس میں انہوں نے اپنے نام کو پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) میں شامل کرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔
عدالت نے ہائیکورٹ آفس کے اعتراضات دور کرنے کے لیے درخواست گزار کو تین دن کی مہلت دی۔جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ انہیں کاروبار اور عمرہ کے لیے بیرون ملک جانا ہے، مگر سیاسی بنیادوں پر مقدمات میں ملوث کرکے ان کا نام پی سی ایل میں شامل کر دیا گیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ ان کا نام پی سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔ہائیکورٹ آفس نے اعتراض لگایا تھا کہ درخواست میں پی این ایل آئی لسٹ کی کاپی نہیں لگائی گئی اور نہ ہی محکمہ داخلہ کی ریڈریسل کمیٹی سے رجوع کیا گیا۔
اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب محمد فرخ خان لودھی نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کیا اور بتایا کہ ملزم جناح ہاؤس حملہ کے مقدمے میں نامزد ہیں اور اس وقت ضمانت پر ہیں۔عدالت نے ہدایت کی کہ درخواست گزار تین دن میں اعتراضات دور کرے، تاکہ درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کیا جا سکے۔