پختونخوا کو جان بوجھ کر دوبارہ بارود کا ڈھیر بنایا جارہا ہے: ایمل ولی

کرم میں آگ لگی تھی، صوبے کا وزیراعلیٰ قیدی نمبر آٹھ سو چور کے لیے نکلا ہوا تھا،سینیٹ میں اظہارخیال
اسلام آباد(آئی این پی)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے پی ٹی آئی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں آگ لگی ہوئی تھی اور صوبے کا وزیراعلیٰ قیدی نمبر آٹھ سو چور کے لیے نکلا ہوا تھا۔ سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ پختونخوا بارود کا ڈھیر بناہوا ہے، پختونخوا کو جان بوجھ کر دوبارہ بارود کا ڈھیر بنایا جارہا ہے، پختونوں کا مسئلہ پچاس سال پرانا ہے، ریاست نے ہمارے لیے یہ مسئلہ بنایا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کیا ضرورت پڑی تھی ضیا الحق امریکی پیٹروڈالرزکے بدلے پختونخواہ کی سرزمین بیچنے کی، ہم نے قندھار کے طالبان کو سپورٹ کرکے افغانستان کو پانچواں صوبہ بنالیا، پاکستان امریکی ڈالرز کے عوض طالبان کو سپورٹ کرتا رہا، میاں نوازشریف اور پیپلزپارٹی طالبان کو سپورٹ کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ مشرف نے امریکا سے ڈالر لے کر طالبان کو مزید سپورٹ کیا، ملامنصور پاکستانی پاسپورٹ ہولڈر تھا، ملاہیبت اللہ کو کچلاک میں بٹھا کر طالبان کا لیڈر بنادیا، ملا فضل اللہ کو سوات میں ریڈیو چینل ملتا ہے، ڈمہ ڈولہ کے بعد ہماری پالیسی بدلتی ہے، ڈمہ ڈولہ کے بعد طالبان پاکستان پر حملہ آور ہوئے۔ایمل ولی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے اس ملک کیلئے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں، آج بھی ہرادارہ طالبان کے حامیوں سے بھرا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک وزیراعلیٰ اور جرنیل دہشتگردوں کو لاکر دوبارہ پختونخوا میں لاکر بٹھاتا ہے، آپ کی غلطیاں اس قوم کو معذور کرگئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہربندے کو دہشتگردی کیخلاف ایک بیانیہ بنایا جائے