ملک کو معاشی، معاشرتی طور پر آگے لے کر جانا ہے تو مقامی و شہری نظام لازم و ملزوم ہے:فاروق ستار‘مشترکہ پریس کانفرنس
اسلام آباد (آن لائن) ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے کہا ہے کراچی بارود کے ڈھیر پر آباد ایک شہر ہے ، روز چنگاریاں اٹھ رہی ہیں ۔ اگر یہ چنگاریاں بارود تک پہنچیں تو پھر شہر خاک و خون کی نذر ہوسکتا ہے ۔ رہنما ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے دیگر رہنمائوں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کراچی بارود کے ڈھیر پر آباد ایک شہر ہے اور روز وہ چنگاریاں اٹھ رہی ہیں ۔ اگر یہ چنگاریاں بارود تک پہنچیں تو پھر شہر خاک و خون کی نذر ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کسی دور میں منی بسیں لوگوں کو کچل دیتی تھیں۔ 1985ء میں ایک بشری زیدی کو کچلا گیا تو پھر سیاسی منظر نامہ تبدیل ہوگیا ۔ جس طرح کے ناجائز و غیر قانونی ڈمپر چلائے جارہے ہیں اس کے مالک، ڈرائیور، پولیس سب غیر مقامی ہیں ۔ انہوں نے کراچی کے امن میں سب سے بڑا مسئلہ غیر مقامی افراد کو قرار دیتے ہوے کہا یہ قومی مسئلہ ہے اسے لسانی یا صوبائی مسئلہ نہ سمجھا جائے ۔ ا س موقع پر فاروق ستار نے کہا ہم نے دعوے نہیں کئے مگر ہم نے کام کیا ۔ ہم نہیں کہتے ماضی میں ایم کیو ایم سے غلطیاں نہیں ہوئیں ۔ اب اگر ملک کو معاشی، معاشرتی طور پر آگے لے کر جانا ہے تو مقامی و شہری نظام لازم و ملزوم ہے ۔ انہوں نے کہا آج تک سوا دو سو لوگ ڈمپر سے فوت ہوگئے ہیں ہم معاہدے کے بعد اب مسلم لیگ ن کے پاس جائیں گے ۔ اس کے بعد باپ، اے این پی، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے پاس بھی جائیں گے۔