وفاق کے فنڈزفوج مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کودیئے جا رہے ہیں: عظمی بخاری

کرپشن کیخلاف جہاد کا اعلان کرنے والے علی امین  گنڈا پور کی ناک کے نیچے سے 799 ملین غائب ہوگئے: وزیراطلاعات پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وفاق کے دئیے گئے فنڈز پشتونوں کے بجائے فوج مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں میں بانٹے جا رہے ہیں۔پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری نے بیان میں کہا کہ کرپشن کے خلاف جہاد کرنے کا اعلان کرنے والے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی ناک کے نیچے سے 799ملین غائب ہوگئے۔ اس سے قبل مساجد کے آئمہ کرام کے نام پر 70کروڑ کے فنڈز غائب کردیے گئے۔ یہ تمام پیسہ سوشل میڈیا پر پاکستان اور اداروں کیخلاف مہم چلانے والے برگیڈ سیل کو دیے جاتے ہیں۔ جس پیسے سے پشتون قوم کے بچوں کو اسکالرشپ اور الیکٹرک بائیکس مل سکتی تھیں وہ سوشل ٹرولز کی جیبوں میں جارہا ہے۔عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ میں بینظیر نشونما پروگرام میں بڑے پیمانے پر مالی غبن اور گھوسٹ ملازمین کا انکشاف ہوا ہے۔ ظالموں نے ماں اور بچے کی صحت پر خرچ ہونے والے فنڈز کو بھی نہیں بخشا۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے اس پروگرام پر خیبرپختونخواہ میں کام روک دیا ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے مالی بے ضابطگیوں اور گھوسٹ ملازمین کے معاملے پر صوبائی حکومت پرسوالات اٹھائے ہیں۔