سندھ پر بہت معافیاں ادھار ہیں، مریم کس چیز کی معافی مانگیں‘ پیپلزپارٹی کی جانب سے روز گالیاں دی جارہی ہیں، جواب نہ دیں تو کیا کریں
شعلے اگلتی زبانوں کے ساتھ ہم سے سیز فائر کی امید کیسے رکھتے ہیں؟سندھ کسی وڈیرے کی جاگیر نہیں جسے آپ ہر فورم پر سندھو دیش کہتے ہیں
لاہور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے پیپلز پارٹی نے وفاق کو کمزور کرنا ہے اس لئے پنجاب حکومت کو نشانہ بنایا، مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ پیپلزپارٹی چاہ کیا رہی ہے؟، اگر معافی تلافی کا معاملہ ہے تو سندھ حکومت کی طرف سے بہت معافیاں ادھار ہیں اور وزیراعلی پنجاب کس چیز کی معافی مانگیں؟ شروع بھی انہوں نے کیا تھا ، ختم کرنا بھی ان کے بس میں ہے، مریم نواز پنجاب کی بات نہ کریں تو پھر وہ وزیراعلی کیوں ہیں؟سندھ والے ہر بات پر سندھ کارڈ کھیلتے ہیں۔اپنے ایک بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے روز پریس کانفرنسں کی جارہی ہیں، روز گالیاں دی جارہی ہیں، اگر ان کو جواب نہ دیں تو کیا کریں؟ کیا ہمارے لوگ پریس کانفرنس نہیں کرسکتے ، سخت زبان استعمال نہیں کرسکتے، ہم سخت بات کرسکتے ہیں لیکن ہمارے پاس وقت نہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کا مسئلہ کیا ہے؟ سندھ کو پنجاب کے معاملات میں کیوں گھسنا ہے؟انہوں نے کہا سندھ کسی وڈیرے کی جاگیر نہیں جسے آپ ہر فورم پر سندھو دیش کہتے ہیں۔ ایک طرف آپ سیز فائر کی بات کرتے دوسری طرف ہر گھنٹے بعد ہوائی فائرنگ کرنے آجاتے ہیں، شعلے اگلتی زبانوں کے ساتھ ہم سے سیز فائر کی امید کیسے رکھتے ہیں؟ جسے دیکھو وہ جھاڑ پونچھ کرکے گھر سے نکلتا ہے اور مائیک آگے رکھ کے بیٹھ جاتا ہے، شعلے نکالنے، گالیاں دینے، پھر ان حالات میں مفاہمت کی بات کیسے کرتے ہیں؟