مریم نواز میری بہنوں جیسی ہیں مگر جب بات کریں تو سیاسی طریقے سے بات کریں، خود داری یا ایمان داری کا سرٹیفکیٹ پنجاب حکومت سے نہیں لینا:وزیراطلاعات سندھ
مریم نواز نے پنجاب کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑا، جو سیلاب متاثرین کیلئے عملی طور پر کچھ کر نہیں سکتے وہ غیر ضروری زبان درازی بھی نہ کریں:وزیراطلاعات پنجاب
کراچی ‘لاہور(آئی این پی )وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے بلاول نے بی آئی ایس پی والی بات بھی پنجاب حکومت سے نہیں وزیراعظم کو مخاطب کرکے کہی تھی، ہم وفاق سے بات کرتے ہیں تو پنجاب کو اعتراض ہوتا ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا بلاول کی باتیں پنجاب کو عجیب لگتی ہیں، وزیراعلی پنجاب نے کہا خوددار آدمی امداد کی اپیل کیسے کرسکتا ہے؟ عالمی اداروں سے مدد کی اپیل بلاول کی تھی، وزیراعلی پنجاب کے ریمارکس نامناسب نہیں تھے، اپیل کرنے والا کیا خود دار نہیں؟ ایسا کہنا غلط ہے۔انہوں نے کہا مریم نواز میری بہنوں جیسی ہیں مگر جب بات کریں تو سیاسی طریقے سے بات کریں، خود داری یا ایمان داری کا سرٹیفکیٹ پنجاب حکومت سے نہیں لینا، پیپلز پارٹی نے سیلاب متاثرین کی خدمت کرتے ہوئے ٹک ٹاک نہیں بنوائے۔دریں اثناء وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے مریم نواز نے پوری قوم کے سامنے پنجاب کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑا ہے، پنجاب اور سیلاب متاثرین پر کسی کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، جو سیلاب متاثرین کیلئے عملی طور پر کچھ کر نہیں سکتے وہ غیر ضروری زبان درازی بھی مت کریں۔اپنے ایک بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے مریم نواز کو مینڈیٹ دیا، مریم نواز پنجاب کا تحفظ بھی کرنا جانتی ہیں، سیاست کرنے کیلئے اور بہت ایشوز ہیں، سیلاب کے نام پر سیاسی دکانیں بند کریں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو سیلاب متاثرین کیلئے کام کررہے ان کو کام کرنے دیں، مریم نواز اور ان کی ٹیم ہمیشہ اپنی کارکردگی عوام کو بتاتے ہیں، مخالفین مریم نواز کے فلاحی کاموں پر پوائنٹ اسکورنگ کرکے خبروں میں جگہ بناتے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ جن کی اپنی کارکردگی بتانے لائق نہ ہو وہ دوسروں کے اچھے کاموں میں کیڑے تلاش کرتے ہیں، مریم نواز نے پنجاب میں میرٹ، گڈ گورننس اور شفافیت کی مثال قائم کی ہے۔