شیطانی سوچ والے شخص اور مخصوص جماعت نے نوجوانوں کی برین واشنگ کی، ناکام بغاوتیں نوجوانوں کی برین واشنگ کا نتیجہ ہیں
چور دروازوں سے اقتدار پر قابض ہونے والے قوم کے بچوں کو پٹرول بم اور غلیلیں ہی تھماتے ہیں:وزیراطلاعات پنجاب کا بیان
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے ملک کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو معافیاں اور این آر او نہیں ملتے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ایک شیطانی سوچ والے شخص اور مخصوص جماعت نے نوجوانوں کی برین واشنگ کی، 9 مئی اور 26 نومبر کی ناکام بغاوتیں نوجوانوں کی برین واشنگ کا نتیجہ ہیں، نوجوانوں کو خود فیصلہ کرنا ہے ان کو اپنا روشن مستقبل چاہیے یا شیطانی سوچ والے شخص کی اقتدار کی ہوس کا ایندھن بننا ہے۔انہوں نے کہا جو اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر شاہی حکم کو حرف آخر قرار دیتے تھے آج انکو آئین اور قانون کی باتیں کرتے شرم آنی چاہیے۔ وزیراعلی پنجاب قوم کے بچوں کو الیکٹرک بائیکس کے بعد سکالر شپ دے رہی ہیں، مریم نواز طلبہ کے ساتھ لاکھوں والدین سے دعائیں وصول کر رہی ہیں، جو ان کی کارکردگی کا مقابلہ نہیں کر سکتے وہ ان پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔جو عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آتے انہی کو عوام کی فکر ہوتی، جو چور دروازوں سے اقتدار پر قابض ہوتے وہ قوم کے بچوں کے ہاتھ پٹرول بم اور غلیلیں ہی تھماتے ہیں۔