لاکھوں ورکروں اور محنت کشوں کیلئے راشن کارڈ پراجیکٹ تخفیف غربت کیلئے اہم اقدام ہے :وزیراعلیٰ کا عالمی یوم تخفیف غربت پر پیغام
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم تخفیف غربت پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ عالمی یوم تخفیف غربت منانے کا مقصد بنیادی ضروریات سے محروم کروڑوں انسانوں کی طرف اقوام عالم کی توجہ مبذول کرواناہے۔ ترقی پذیر ممالک کے لئے تخفیف غربت کا ہد ف خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے غربت جیسی سماجی ناانصافی جنم لیتی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہیلتھ، ایجوکیشن سمیت دیگر سہولیات کا کسی طبقے تک محدود ہونا بھی غربت کی کمی میں حائل سماجی ناانصافی ہوتاہے۔ حکومت پنجاب نے آسان کاروبار بزنس کارڈ، آسان کاروبار فنانس کے ذریعے ہزاروں افراد کے لئے روزگار کے شاندار مواقع پیدا کیے۔لاکھوں ورکروں اور محنت کشوں کے لئے راشن کارڈ پراجیکٹ تخفیف غربت کے لئے اہم اقدام ہے۔ حکومت پنجاب نوجوانوں کو صنعتی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق آئی ٹی اور دیگر ٹیکنیکل ایجوکیشن میں مواقع فراہم کررہی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی، روڈا اور راوی گرین سٹی جیسے پراجیکٹس سے لاکھوں افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔