خاتون کو ہراساں کرنیوالا ڈرائیور زخمی

 رکشہ ڈرائیور جدید کیمروں کی مدد سے 30منٹ پکڑا گیا ، نیفے میں پستول چل گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)خاتون کو ہراساں کرنے والے رکشہ ڈرائیورکے نیفے میں پستول چل گیا۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق خاتون کے ساتھ ہراسگی کی شکایت پبلک سیفٹی ایپ پر موصول ہوئی، سیف سٹی ٹیم نے جدید کیمروں کی مدد سے 30منٹ میں رکشے کو ٹریس کرلیا، سیف سٹی کیمرا فوٹیج کی بنیاد پر ملزم کو گرفتارکرکے مقدمہ درج کر لیا۔ایمپریس روڈ کے علاقے میں خاتون کو ہراساں کرنیوالے رکشہ ڈرائیور کو فوری کارروائی کرکیگرفتار کر لیا گیا۔ متاثرہ خاتون نے سیف سٹی پبلک سیفٹی ایپ پراطلاع دی کہ رکشہ ڈرائیور نے قریب آ کر نازیبا حرکات کیں۔شکایت ملتے ہی ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے کانفرنس کال کے ذریعے قریبی پولیس ٹیم سے رابطہ کیا اور پولیس دس منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئی۔ اس دوران سیف سٹی آپریشنز ٹیم نے جدید کیمروں سے رکشہ کی ٹریسنگ شروع کر دی۔سیف سٹی افسر نے متاثرہ خاتون سے رابطہ کر کے انہیں مکمل تحفظ کی یقین دہانی کروائی۔ جدید کیمروں اور ایپ الرٹ کی مدد سے 30 منٹ میں رکشہ کو ٹریس کر لیاگیا۔ ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم ماضی میں بھی نازیبا حرکات میں ملوث رہا ہے۔سیف سٹی ترجمان نے خواتین سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہراسگی یا ناخوشگوار صورتحال پرفوری 15 ہیلپ لائن یا ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے رابطہ کریں تاکہ فوری کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔