بس میں خاتون کو ہراساں کرنیوالا گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور سے خانیوال جانے والی بس میں سفر کے دوران خاتون کو ہراسانی کا نشانہ بنانے والا شخص پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا سیف سٹیز کے مطابق خاتون بس میں سفر کر رہی تھی جب پچھلی سیٹ پر بیٹھے ایک شخص نے انہیں مسلسل ہراساں کیامتاثرہ خاتون نے فوری طور پر اپنے والد کو صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر والد نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کی۔کال موصول ہونے پر سیف سٹیز اتھارٹی نے پولیس ریسپانس یونٹ کو خاتون کی مدد کے لیے روانہ کیا اور بس کی لوکیشن کا پتہ لگا کر قریبی بس اسٹینڈ پر پہنچنے کی ہدایت کی۔پولیس موقع پر پہنچ کر متاثرہ خاتون سے رابطے میں آئی، اور خاتون کی نشاندہی پر ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی۔ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق خواتین کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ہراسانی کے واقعے میں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن سے رجوع کریں یا پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ انسٹال کر کے فوری مدد حاصل کریں۔