مسلح افراد نے تین دیہات پر حملہ کیا، حملہ آوروں نے ٹنگا ماکیری گائوں پر حملہ کیا چھ افراد جان سے گئے
نائجر اور کوارا ریاستوں کی سرحد کے قریب جنگل کو شدت پسند اور مسلح گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے
ابوجا( آئی این پی )نائیجیریا کی شمالی ریاست نائجر میں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد کے حملوں میں کم از کم 32 افراد ہلاک جبکہ درجنوں کو اغوا کر لیا گیا۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق ریاستی پولیس کے ترجمان واسیو ابیودون نے تصدیق کی کہ مسلح افراد نے تین دیہات پر حملہ کیا، حملہ آوروں نے ٹنگا ماکیری گائوں پر حملہ کیا جہاں چھ افراد جان سے گئے، متعدد گھروں کو آگ لگا دی گئی اور کئی افراد کو اغوا کیا گیا، بعد ازاں حملہ آور کونکوسو گاں کی طرف بڑھ گئے۔مقامی رہائشیوں کے مطابق کونکوسو میں فائرنگ کا سلسلہ صبح سویرے شروع ہوا اور حملہ آوروں نے اندھا دھند گولیاں چلائیں، ہلاکتوں کی تعداد 26 سے 38 تک بتائی گئی ہے، گائوں میں پولیس اسٹیشن کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا اور متعدد افراد لاپتا ہیں۔اس کے بعد حملہ آوروں نے پِیسا نامی گائو ں میں بھی کارروائی کی اور وہاں ایک شخص کو قتل کر دیا، علاقے کے بیشتر مکانات کو آگ لگا دی گئی ہے۔نائجر اور کوارا ریاستوں کی سرحد کے قریب واقع کینجی جنگل کو شدت پسند اور مسلح گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے، جہاں بوکوحرام اور دیگر گروہ سرگرم رہے ہیں۔مقامی مذہبی و سماجی رہنما ئو ں نے صدر سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں مستقل فوجی اڈہ قائم کیا جائے تاکہ حملوں کا سلسلہ روکا جا سکے۔یاد رہے کہ امریکا کے صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس نائیجیریا میں سیکیورٹی صورتحال پر تنقید کی تھی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں مسیحیوں اور مسلمانوں دونوں کو شدت پسندی کا سامنا ہے اور کسی ایک مذہبی گروہ کو منظم طور پر نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔