آڈیٹر جنرل آف پاکستان کا پارلیمانی نگرانی کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(آن لائن)آڈیٹر جنرل آف پاکستان مقبول احمد گوندل نے کہا کہ محکمہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان قانون ساز اداروں کی مؤثر نگرانی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے جدید کارکردگی آڈٹنگ کے طریقہ کار کو فروغ دے رہا ہے۔وہ لاہور میں منعقدہ تین ہفتوں پر مشتمل بین الاقوامی تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے آڈیٹرز پر زور دیا کہ وہ تربیت کے دوران سیکھی گئی نئی تکنیکوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں استعمال کریں اور کہا کہ یہ تربیت ان کے کیریئر میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی آڈٹ اداروں کی شرکت بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے اور آڈٹ برادری میں عالمی سطح پر علم کے تبادلے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔یہ پروگرام پرفارمنس آڈٹ ونگ کے زیر اہتمام منعقد ہوا، جس میں عمان، گیمبیا، نیپال اور پاکستان کی سپریم آڈٹ انسٹی ٹیوشنز اور سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے 20 شرکا نے شرکت کی، جبکہ وفاقی اور صوبائی محکموں کے نمائندگان بھی شامل تھے