پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے مئی 2025 میں بھارتی بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے فورسز کے اہلکاروں کے ورثاء کے لیے مالی امداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سے حملے میں شہید ہونے والے فورسز کے اہل خانہ کی ملاقات ہوئی، جس دوران انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے شہداء کے اہلخانہ کے لیے ہر ممکن تعاون اور شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا۔سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ شہداء کے ورثاء کو دی جانے والی کابینہ سے منظور شدہ مالی امداد 50 لاکھ روپے میں مزید 50 لاکھ روپے کا اضافہ کیا جائے گا، جبکہ جنگ میں زخمی ہونے والے اہلکار کے لیے امدادی رقم 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیاں ملک و قوم کی سلامتی کی ضمانت ہیں اور شہادت سب سے اعلیٰ اور مثالی موت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کا فخر ہماری قومی شناخت ہے اور حکومت ان کے ورثاء کا بھرپور خیال رکھے گی۔یہ اقدام نہ صرف شہداء کے اہل خانہ کے لیے مالی سہولت فراہم کرے گا بلکہ ملک و قوم کی خدمت میں قربانی دینے والے فوجی اہلکاروں کے جذبے کو بھی تسلیم کرتا ہے۔