تھری فیز 45 سے کم ہو کر 25ہزار ، سنگل فیز کی قیمت 7 ہزار روپے کم
عالمی کمپنیوں کا مسابقتی عمل میں بھر پور حصہ، در پیش رکاوٹیں ختم:اویس لغاری
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے کہا ہے پاور ڈویڑن کی مسلسل کوششوں اور بروقت اور موثر اقدامات کی بدولت شفافیت اور مسابقتی عمل کو تقویت دینے سے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کیلئے نئے سمارٹ میٹرز کی قیمتیں40 فیصد تک کم ہو گئیں، جس سے ملکی سطح پر سالانہ 150 ارب روپے کی بچت ہوگی۔پیر کو سمارٹ میٹر زکے بارے رپورٹ پیش ہونے پر وفاقی وزیر نے کہا شفافیت اور انٹرنیشنل مسابقتی عمل کو موثر طریقے سے اپنانے کی بدولت تھری فیز میٹر کی قیمت 45ہزار روپے سے کم ہو کر 25ہزار روپے ہوگئی ہے جو کہ ایک نارمل تھری فیز میٹر کے تقریبابًرابر ہے۔ اسی طرح سنگل فیز میٹر کی قیمت میں 7000 روپے کی کمی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا پاور ڈویڑن کی بہتر حکمت عملی کی بدولت انٹر نیشنل کمپنیوں نے مسابقتی عمل میں بھر پور حصہ لیا اور انکو در پیش رکاوٹیں ختم ہو گئیں۔انہوں نے کہا پاور ڈویڑن کی مسلسل مانیٹرنگ اور سمارٹ میٹرز کے لیے شفاف اور مسابقتی معیار مقرر کرنے کی بدولت قیمتیں کم ہونے لگی ہیں۔انہوں نے کہا نئے میٹرز کی مدمیں بجلی صارفین کو بھی اربوں روپے کی بچت ہو گی۔