لیسکو نے سنگل فیز سمارٹ میٹر کی قیمت 14 ہزار 786 مقرر کردی

قیمت میں اضافے سے ڈیمانڈ نوٹس کی رقم بڑھے گی، خریداری کا عمل آؤٹ سورس کر دیا گیا
نئی قیمت پر جی ایس ٹی اضافی لاگو ہوگا، صارفین کو بیس ہزار روپے تک ادا کرنا ہونگے،ذرائع
لاہور (زیڈ این این) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو ) نے اے ایم آئی سنگل فیز سمارٹ میٹر کی نئی قیمت 14 ہزار 786 روپے مقرر کر دی ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق اس قیمت پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) علیحدہ سے لاگو کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق شعبہ میٹریل مینجمنٹ نے پرچیز آرڈر جاری کرنے سے قبل ڈائریکٹر کسٹمر سروسز کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں سمارٹ میٹر کی نئی قیمت سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کیبل چارجز کی ادائیگی ریجنل اسٹور مینیجر کے دفتر سے جاری فہرست کے مطابق وصول کی جائے گی۔ قیمت میں اضافے کے بعد سنگل فیز سمارٹ میٹر کے ڈیمانڈ نوٹس کی رقم میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صارفین کو سنگل فیز سمارٹ میٹر کے لیے تقریباً 20 ہزار روپے جمع کروانا ہوں گے۔ اس وقت کمپنی نے سمارٹ میٹرز کی خریداری کا عمل آؤٹ سورس کر رکھا ہے تاکہ تنصیب اور فراہمی کے عمل کو شفاف اور تیز بنایا جا سکے۔