بجلی بلوں میں شفافیت: اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ سمارٹ ایپ متعارف

200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اہم فیجر بھی ایپ میں شامل
 نظام سے صارفین اپنے بل پر نظر رکھنے کے ساتھ ریڈنگ کے عمل کے نگہبان بھی ہوں گے
اسلام آباد(آئی این پی)وزارتِ پاور ڈویژن نے بجلی کے صارفین کو براہِ راست نظام کا حصہ بنانے اور بلنگ کے عمل میں شفافیت کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ کے تحت پاور اسمارٹ ایپ متعارف کرا دی۔یہ فیچر بجلی صارفین کو مقررہ تاریخ پر اپنے میٹر کی تصویر لے کر ایپ پر اپ لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس کی بنیاد پر ان کا ماہانہ بل جاری کیا جائے گا۔اس نظام کا مقصد اوور بلنگ، ریڈنگ کی غلطیوں اور ریڈنگ میں تاخیر جیسے دیرینہ مسائل کا موثر حل فراہم کرنا ہے۔ یہ صرف ایک ٹیکنالوجی فیچر نہیں بل کہ گورننس میں ایک ٹھوس اصلاح ہے، جو صارفین کو حقیقی معنوں میں بااختیار بناتی ہے۔اس نظام سے صارفین نہ صرف اپنے بل پر نظر رکھ سکیں گے بل کہ اب وہ ریڈنگ کے عمل کے نگہبان بھی ہوں گے۔اگر صارف مقررہ دن پر ریڈنگ فراہم کر دے تو اس دن کے بعد لی گئی میٹر ریڈر کی ریڈنگ کو ترجیح نہیں دی جائے گی اور صرف صارف کی فراہم کردہ ریڈنگ ہی فیڈ کی جائے گی۔یہ نظام خاص طور پر ان صارفین کے لیے فائدہ مند ہے جو حکومتی سبسڈی کے مستحق ہیں۔200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا بل تقریبا 2,330 روپے ہوتا ہے لیکن صرف ایک یونٹ کے اضافے پر سبسڈی ختم ہونے کے باعث بل 8,104 روپے تک جا پہنچتا ہے۔اس ایپ کے ذریعے یہ یقینی بنایا جا سکے گا کہ مستحقین بروقت ریڈنگ فراہم کر کے اپنی سبسڈی سے مستفید رہیں۔"اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ" جیسے فیچرز بجلی کے نظام میں نہ صرف شفافیت پیدا کریں گے بلکہ صارفین کو اس حد تک بااختیار بنائیں گے کہ وہ خود اپنی بلنگ کی گرانی کر سکیں۔ اس سے اوور بلنگ، غیر ضروری مداخلت اور شکایات میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔