پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی بلندی کا ریکارڈ قائم ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس نے نئی بلند ترین سطح چھو لی۔
بازار حصص میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز خرید و فروخت کا آغاز 1030 پوائنٹس کی شان دار تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 71 ہزار 772 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پی ایس ایکس میں 997 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ مارکیٹ کا آغاز ہوا تھا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 70 ہزار 862 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ بعد ازاں مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ جاری رہا اور مجموعی طور پر 1136 پوائنٹس کے ریکارڈ ساز اضافے کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 71 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بھی عبور کر گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے رواں سال غیر معمولی رہا ہے، جہاں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ہوا، جو خطے کی بیشتر منڈیوں سے کہیں بہتر کارکردگی ہے۔