پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر بجٹ سے متعلق مثبت توقعات کے باعث بھرپور تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس نئی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
پیر کے روز ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس میں 922 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 122,563 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔مارکیٹ میں دورانِ کاروبار انڈیکس ایک موقع پر 122,598 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی ٹریڈ کرتا دیکھا گیا، جو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کاروباری سرگرمیوں کے اختتام پر 100 انڈیکس 121,641 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ممکنہ طور پر کاروبار دوست پالیسیوں اور ٹیکس اقدامات کی توقعات کے باعث سرمایہ کار پرجوش ہیں۔ ان ہی توقعات کی بنیاد پر سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کا نتیجہ مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کی صورت میں ظاہر ہو رہا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق اگر آئندہ دنوں میں بجٹ کی مزید مثبت تفصیلات سامنے آئیں، تو انڈیکس میں مزید بہتری کا امکان موجود ہے۔