گڈز ٹرانسپورٹرز کے تمام جائز مسائل جلد حل کریں گے:عبدالعلیم خان

ہڑتال سے سب کا نقصان، ٹرانسپورٹ سے متعلقہ لوگوں پر زیادہ منفی اثر پڑتا ہے:وفاقی وزیر
 عبدالعلیم خان اور بلال کیانی کی الائنس کے عہدیداروں سے ملاقات‘مسائل حل کرنے کی یقین دہانی
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور بلال کیانی کا پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری مواصلات، آئی جی موٹرویز، ایف بی آر، کسٹم اور متعلقہ افسران کی شرکت ہوئی۔گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے مذاکرات پر اطمینان کا اظہارکیا اور وفاقی وزراء کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کواپنے اہم مسائل سے آگاہ کیا۔ ٹرانسپورٹرزنے ایکسل لوڈ سمیت موٹروے پولیس سے درپیش مسائل کی نشاندہی کی۔وفاقی سیکرٹری مواصلات، آئی جی موٹرویز اور ایف بی آر افسران کو کراچی جا کر مذاکرات آگے بڑھانے کی ہدایت کی گئی ۔عہدیداران نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرزہڑتال یا احتجاج کی بجائے مثبت حل نکالنے کو ترجیح دیں گے،یہ ہمارے ملک کا نقصان ہے جسے طول نہیں دینا چاہتے۔ گڈز الائنس کے عہدیداران نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا سیکڑ ملکی معیشت کا اہم ستون، گڈز ٹرانسپورٹرز نے مثبت کردارادا کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وفاقی حکومت سے متعلقہ مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ ہڑتال سب کا نقصان، ٹرانسپورٹ سے متعلقہ لوگوں پر زیادہ منفی اثر پڑتا ہے،گڈز ٹرانسپورٹرز کے تمام جائز مسائل جلد حل کریں گے