ٹرانسپورٹرز نے پرتپاک استقبال کیا،ملک شہزاد اعوان نے وفاقی وزیر کو سندھی اجرک بھی پہنائی
ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت کیلئے انتہائی اہم ، ملکی ترقی کے لیے ان کا تعاون ناگزیر ہے، عبدالعلیم خان
کراچی (آن لائن) گڈز ٹرانسپورٹرز سے کامیاب مذاکرات کے بعد وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے اعزاز میں کراچی میں استقبالیہ دیا گیا، جہاں ٹرانسپورٹرز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، نعرے لگائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہم ہیں اور ملکی ترقی کے لیے ان کا تعاون ناگزیر ہے۔ ضرورت پڑنے پر وہ خود سڑکوں پر کھڑے ہو کر ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا جائزہ لیں گے۔ گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وفاقی وزیر کو سندھی اجرک بھی پہنائی۔اس موقع پر عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹرز سے جو وعدے کیے ہیں، انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ موٹروے پولیس کی جانب سے کوئی ناجائز چالان نہیں ہونے دیا جائے گا، تاہم گاڑی کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی قانون کے مطابق ہوگی۔وفاقی وزیر نے ٹرانسپورٹرز پر زور دیا کہ ایکسل لوڈ پالیسی کی خلاف ورزی نہ کی جائے، کیونکہ مقررہ حد سے زیادہ وزن لادنے سے گاڑیوں اور سڑکوں دونوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزن، رفتار اور دیگر مقررہ حدود کی پابندی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی