یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے دہشت گردی کا نہ کوئی مذہب ہے، نہ انسانیت سے تعلق ہے
کراچی (یواین پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہِ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہید ہونے والے معصوم بچوں اور اساتذہ کو انکے 11 ویں یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اے پی ایس کا سانحہ قوم کے ضمیر پر ایک مندمل نہ ہونے والا زخم ہے اور ایک ایسا اجتماعی غم ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کو نئی قوت بخشی۔ انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دہشت گردی کا نہ کوئی مذہب ہے، نہ انسانیت سے تعلق اور نہ ہی کوئی جواز ہے۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہمارا جواب ہمیشہ اتحاد، انصاف اور اپنے بچوں کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم پر مبنی ہونا چاہیے۔