سانحہ 12مئی کراچی میں معصوم جانوں کو نفرت اور تشدد کی بھینٹ چڑھایا گیا بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی  پرامن، جمہوری اور روادار پاکستان کے  لئے  جدوجہد جاری رکھے گی:سانحہ کی برسی کے موقع پر پیغام
کراچی(آئی این پی )چیئرمین  پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے  12 مئی کو کراچی میں معصوم جانوں کو نفرت اور تشدد کی بھینٹ چڑھایا گیا۔سانحہ 12 مئی 2007 کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ 12 مئی کے شہدا کی قربانیاں آج بھی ایک دردناک مگر لازوال یادگار ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں جمہوریت، انصاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے ادا کی جانے والی قیمت کی یاد دلاتی ہیں۔  پیپلز پارٹی ایک پرامن، جمہوری اور روادار پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، ایک ایسا پاکستان جہاں کسی شہری کی آواز تشدد سے خاموش نہ کرائی جا سکے اور کوئی شہر خوف کے ہاتھوں یرغمال نہ ہو۔