سانحہ 12 مئی جمہوریت کیلئے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے: بلاول بھٹو

 کراچی (آئی این پی )چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ 12 مئی 2007 کی برسی کے موقع پر شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی سڑکوں پر بہایا گیا خون رائیگاں نہیں گیا، بلکہ وہ آج ظلم کے خلاف مزاحمت کی ایک توانا علامت بن چکا ہے۔اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سانحہ 12 مئی ہماری قومی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جس روز انسانی جان کی حرمت پامال اور جمہوری اقدار کو دن دہاڑے روندا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں جمہوریت عظیم قربانیوں کے بعد ملی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کے عوام، وکلا، سیاسی کارکنان اور سول سوسائٹی نے آئین کی سربلندی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔