پاکستان تحریک انصاف ایک طرف مذاکرات کا ڈرامہ کھیل رہی ہے ‘ دوسری طرف سول نافرمانی کی تحریک کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے
تحریک انصاف کے سرکردہ شیرو اور ٹائیگرز سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے پر اکسا رہے ہیں:وزیراطلاعات
لاہور(سپیشل رپورٹر)پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے پاکستان تحریک انصاف ایک طرف مذاکرات کا ڈرامہ کھیل رہی ہے اور دوسری طرف سول نافرمانی کی تحریک کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے‘انہوں نے بیان میں کہا تحریک انصاف کے سرکردہ شیرو اور ٹائیگرز سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے پر اکسا رہے ہیں۔ زلفی بخاری،شہباز گل اور شہزاد اکبر جیسے غیرملکی ٹاٹ اس مہم میں پیش پیش ہیں۔ اورسیز پاکستانیوں نے فتنے اور فتنہ پارٹی کی ملک دشمنی کو مسترد کردیا ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں نے رواں سال ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ ریکارڈ ترسیلات زر بھیجے ہیں۔ انہو ں نے کہا اڈیالہ جیل کا قیدی این آر او مانگنے کے لیے کسی کے بھی پائوں پکڑنے کے لیے تیار بیٹھا ہے۔ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کو دو ٹوک الفاظ میں ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے۔ پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔