رہا ئی ملتے ہی پی ٹی آئی کارکن دوبارہ گرفتار

انسداد دہشتگردی عدالت نے 81ملزموں کو رہاکیا،وکلا نے کئی کو احاطہ عدالت میں روک لیا ،باہرنکلنے والے گرفتار
اسلام آباد ،لاہور(بیورو رپورٹ)انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے شناخت پریڈ پرجیل بھیجے گئے 81 ملزموں کو مقدمات سے ڈسچارج جبکہ 48 ملزموں کودو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کر دیا جبکہ وفاقی پولیس نے عدالت کے دوبارہ گرفتار نہ کرنے کے واضح احکامات کے باوجود ڈسچارج ہونیوالے متعدد پی ٹی آئی کارکنوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔لاہور کی انسداد دہشتگری عدالت نے گزشتہ سال نو مئی کے واقعات میں کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے الزام میں درج مقدمے میں روپوش پی ٹی آئی رہنمائوں حماد اظہر، میاں اسلم اقبال کو اشتہاری قرار دیدیا جبکہ 5رہنمائوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداددہشت گردی عدالت نے شناخت پریڈ پرجیل بھیجے گئے تھانہ کھنہ کے 54 ، تھانہ آئی نائن کے 16 اور تھانہ کوہسار کے 11 ملزموں کو عدالت میں پیش کرنے پر مقدمات سے ڈسچارج کرتے ہوئے حکم دیاکہ انہیں دوبارہ گرفتار نہ کیاجائے جبکہ تھانہ کوہسار کے 48 ملزموں کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دئیے تھے کہ دوبارہ گرفتار کیا تو پولیس والوں کو ہتھکڑی لگوا دوں گا۔، عدالتی واضح احکامات کے باوجود وفاقی پولیس نیعدالت سے رہاہونیوالے باہر آنے والے متعددکارکنوں کو گرفتار کرلیاجبکہ کئی ملزموں کو وکلا نے عدالت کے احاطے میں روک لیا۔وکلا کاکہناتھاکہ عدالت میں دوبارہ گرفتاری کا معاملہ اٹھایا ہے۔ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس نے میڈیا کو بھی کوریج سے روک دیا جبکہ ایس ایچ او اشفاق وڑائچ صحافیوں کو گرفتار کرنے کی دھمکیاں دیتارہا۔ جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران گرفتار 32 ملزموں کو بھی کیسز سے ڈسچارج کر دیا۔رات دیر گئے ملزموں کو شناخت پریڈ کیلئے جہلم جیل سے پیش کرنے پر جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے برہمی کا اظہار کیا۔ وکیل صفائی انصر کیانی کا کہنا تھا پولیس نے نمبر پورے کرنے کیلئے مزدوروں کو گھروں سے گرفتار کیا۔عدالت نے کمرہ عدالت میں 32 ملزمان کی ہتھکڑیاں کھلوا کر انہیں کیسز سے ڈسچارج کر دیا اور حکم دیا کہ انہیں دوبارہ گرفتار نہ کیاجائے۔انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی احتجاج کے تناظر میں گرفتار 8 کم عمر بچوں کی ضمانتیں بھی منظور کرلیں ، ان بچوں میں 2 راولپنڈی ، 3 افغانی ، 1 باجوڑ ، 1 مردان اور 1 کہوٹہ سے تعلق رکھتاہے۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنمائوں عمر ایوب اور زرتاج گل کی توڑ پھوڑ کے کیس میں عبوری ضمانتوں میں 8 جنوری تک توسیع کر دی۔جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت نے ڈی چوک احتجاج میں پی ٹی آئی کے گرفتار20 کارکنوں کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل کرنے کا حکم دیدیا۔