پڑھ کر پھونکنے سے ایوان کا ماحول بہتر ہو جاتا ہے‘سسٹم ناکام نہیں ہوا نتائج دے رہا ہے،وزیراعظم و فیلڈ مارشل کی کاوشوں سے معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے
کسی بھی نظام کے بارے میں حتمی فیصلہ عوام کرتے ہیں، احتجاج اور تصادم مسائل کا حل نہیں بات چیت ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے سسٹم ناکام نہیں ہوا بلکہ نتائج دے رہا ہے اور وزیراعظم و فیلڈ مارشل کی کاوشوں کے باعث ملک کی معاشی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ کسی بھی نظام کے بارے میں حتمی فیصلہ عوام ہی کرتے ہیں، احتجاج، محاذ آرائی اور تصادم مسائل کا حل نہیں بلکہ بات چیت ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات ماضی میں انتہائی خراب ہو چکے تھے تاہم اب معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی اور بعد ازاں ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرکے عالمی سطح پر اپنی ساکھ اور وقار میں اضافہ کیا۔ پوری دنیا پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو تسلیم کر رہی ہے۔ایاز صادق نے کہا کہ بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس ان کی ذمہ داری ہے کہ پارلیمان میں محنت کرنے والوں کی کاوشیں ضائع نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وقفہ سوالات کے دوران متعلقہ وزرا اور سیکرٹریز ایوان میں موجود نہ ہوں تو سختی کرنا پڑتی ہے تاکہ پارلیمانی نظام مؤثر انداز میں چل سکے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین ان سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ ایوان میں داخل ہو کر آیت الکرسی، درود شریف اور چاروں قل پڑھتے ہیں جس سے ماحول بہتر ہو جاتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت کے درمیان ثالثی کے کردار میں رہے ہیں اور اب بھی دونوں جماعتوں کے درمیان رابطوں میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان بعض معاملات موجود ہیں تاہم امید ہے کہ وہ مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل ہو جائیں گے۔