پی ٹی آئی کے 102 کارکن 26 نومبر مقدمات سے ڈسچارج عدالت کا دوبارہ گرفتار نہ کرنیکاحکم

 انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے 57 گرفتار کارکنوں کو رہا کردیا جو جوڈیشل کمپلیکس سے اپنے گھروں کو چلے گئے

اسلام آباد(آئی این پی)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے کیس میں گرفتار تحریک انصاف کے 102 کارکنوں کو مقدمے سے ڈسچارج کرتے ہوئے پولیس کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے 57 گرفتار ورکرز کو رہا کیا جو جوڈیشل کمپلیکس سے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔اس کے علاوہ تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے دو مقدمات میں گرفتار 95 ملزموں کو جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پیش کیا، جس میں عدالت نے 9 ملزموں کو ڈسچارج جبکہ تین کا دو روزہ ریمانڈ منظور کیا۔تھانہ کراچی کمپنی میں درج ایک اور کیس میں عدالت نے 8 ملزمان کو ڈسچارج کیا جبکہ  4 کم عمر سمیت 75 ملزموں کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے انہیں پولیس کے حوالے کردیا۔ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ریمانڈ پر بھیجے گئے 4 ملزمان کم عمر ہیں انکو بھی ڈسچارج کیا جائے، عدالت نے کم عمر بچوں کے حوالے سے پولیس سے فوری تفصیلات طلب کر لیں۔جج نے پولیس کو ہدایت کی کہ 75 ملزمان میں شامل بچوں سے متعلق تفصیلات فوری فراہم کی جائیں۔۔ ملزموں کے وکیل انصر کیانی نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے ملزمان کو دوبارہ گرفتار کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اس پر جج نے پولیس کو سختی سے ہدایت کی کہ کسی بھی ڈسچارج ملزم کو دوبارہ گرفتار نہ کیا جائے۔