شام پر اسرائیلی حملوں کے باوجود نئے محاذ نہیں کھول سکتے: الجولانی

ملک بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد تعمیرنو پر توجہ مرکوز کر رہا ہے ، ڈی فیکٹو لیڈر کا انٹرویو 
 دمشق (آئی این پی )شام کے ڈی فیکٹو لیڈر احمد الشعرا (ابو محمد الجولانی) نے کہا ہے کہ اسرائیل شام پر اپنے حملوں کا جواز پیش کرنے کے لیے جھوٹے بہانے کر رہا ہے لیکن وہ نئے تنازعات میں الجھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے کیونکہ ملک بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد تعمیرنو پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ابو محمد الجولانی نے حزب اختلاف کے ایک حامی چینل شام ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ اسرائیلی دلائل کمزور ہو چکے ہیں اور اب ان کی حالیہ خلاف ورزیوں کا جواز نہیں بنتا۔ اسرائیلیوں نے واضح طور پر شام میں حدود کو عبور کیا ہے، جس سے خطے میں غیر ضروری طور پر کشیدگی بڑھنے کا خطرہ ہے۔برسوں کے تنازعات اور جنگ کے بعد شام کی جنگ زدہ حالت نئے تصادم کی اجازت نہیں دیتی۔ اس مرحلے پر ترجیح تعمیر نو اور استحکام ہے، ایسے تنازعات میں نہ الجھیں جو مزید تباہی کا باعث بنیں۔