ٹرمپ ایران پر مزید حملوں کی اجازت دے سکتے ہیں:اسرائیلی حکام

 ایران نے یورنیم افزودگی شروع کی تو اسرائیل پھر حملہ کریگا،اسرائیلی میڈیا ، ایرانی فوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا 
تل ابیب؍تہران(آئی این پی )اسرائیلی حکام پرامید ہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل کو ایران پر مزید حملوں کی اجازت دے سکتے ہیں ۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے یورنیم افزودگی شروع کی تو اسرائیل پھر حملہ کرے گا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اگر ایران نے جوہری تنصیبات سے افزودہ یورینیم نکالنے کی کوشش کی، تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل کو دوبارہ حملے کی اجازت دے سکتے ہیں۔ دوسری جانب گذشتہ روز اسرائیل کی جانب سے ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کے منصوبہ کے پیش نظر ایرانی فوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ایرانی ٹی وی کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ دوبارہ حملے کے معاملے پر اسرائیل کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔ایرانی ٹی وی کا کہنا ہے کہ ایران نے ممکنہ خطرات کے حوالے سے بھرپور تیاریاں کرلیں ہیں جبکہ ایرانی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے حملہ کیا تو جوابی کارروائی پہلے سے زیادہ سخت ہوگی۔