پاک بحریہ اور چینی بحریہ کے درمیان مشترکہ مشق “سی گارڈین 4” کامیابی سے مکمل

پاک بحریہ اور چینی بحریہ کے درمیان مشترکہ مشق “سی گارڈین 4” کامیابی سے مکمل

پاک بحریہ اور پیپلز لبریشن آرمی (نیوی) کے درمیان 25 مارچ سے یکم اپریل 2026 تک مشترکہ بحری مشق سی گارڈین 4 منعقد ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون، پیشہ ورانہ ہم آہنگی اور میری ٹائم اشتراک کو فروغ دینا تھا۔ مشق دو مراحل پر مشتمل تھی، جس میں کراچی پورٹ پر پانچ روزہ دورہ اور شمالی بحیرۂ عرب میں دو روزہ سی فیز شامل تھا۔مشق میں شرکت کے لیے چینی بحریہ کا جنگی جہاز داچنگ کراچی پہنچا، جہاں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس تیمور نے اس کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دوران مختلف دوطرفہ سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جن میں دونوں ممالک کے بحری جہازوں کے دورے، سمندری چیلنجز پر پیشہ ورانہ مباحثے، بحری تنصیبات کے دورے، پہلے ینگ آفیسرز سیمینار کا انعقاد اور سی فیز کی تیاری شامل تھی۔

پورٹ وزٹ کے اختتام پر دونوں بحری افواج کے جہازوں نے سی گارڈین 4 کے سی فیز میں حصہ لیا۔ سی فیز کے دوران فضائی دفاعی مشقیں، متعدد محاذوں سے حملوں سے نمٹنے کی حکمت عملی، پاک بحریہ کی آبدوز کے ساتھ مشترکہ مشقیں، روایتی جنگی مشقیں اور لائیو گنری فائرنگ کی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔مشق سی گارڈین 4 کے کامیاب اختتام پر پاک بحریہ اور چینی بحریہ نے بحیرۂ عرب میں مشترکہ گشت بھی کیا، جو خطے میں سمندری سلامتی اور استحکام کے لیے دونوں ممالک کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔