آسٹریلوی اداکار ٹریسٹن راجرز 79 سال کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے

آسٹریلوی اداکار ٹریسٹن راجرز 79 سال کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کر گئے

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق معروف اداکار ٹریسٹن راجرز 79 سال کی عمر میں پھیپھڑوں کے کینسر کے سبب وفات پا گئے۔

ٹریسٹن راجرز کئی دہائیوں سے چلنے والے ڈے ٹائم سوپ اوپیرا شو "جنرل ہاسپٹل" میں اپنے کردار رابرٹ اسکارپیو کے لیے مشہور تھے۔ اداکار کی مینیجر میرِل سوودک نے میڈیا کو بتایا کہ اگرچہ ٹریسٹن کبھی سگریٹ نوشی نہیں کرتے تھے، پھر بھی انہیں پھیپھڑوں کا کینسر لاحق ہو گیا۔میرل سوودک نے بتایا، "ٹریسٹن کو اسکارپیو کا کردار بہت عزیز تھا۔ انہیں صرف ایک دن کے کام کے لیے بلایا گیا تھا، لیکن انہوں نے اس کردار کو بہت بڑا بنا دیا اور وہ کئی برس تک اس شو سے جڑے رہے۔ وہ ایک وفادار اور مہربان انسان تھے اور اپنی فیملی سے بے حد محبت کرتے تھے۔"

واضح رہے کہ چند ہفتے قبل ہی ٹریسٹن راجرز نے اپنی بیماری یعنی پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص کا اعلان کیا تھا۔ ان کے نمائندے نے جولائی میں کہا تھا کہ راجرز اپنی میڈیکل ٹیم کے ساتھ علاج کے لیے پرامید ہیں اور ان کا خاندان اس مشکل وقت میں ان کی نجی زندگی کا احترام چاہتا ہے۔ٹریسٹن راجرز نے 1980 سے 1992 تک "جنرل ہاسپٹل" میں کام کیا اور 2025 تک وقفے وقفے سے اس شو میں نظر آتے رہے۔ مداح اور فنکار ساتھی ان کی موت پر گہرے افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔