داتا گنج بخشؒکا عرس اختتام پذیر)15لاکھ زائرین کی حاضری

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی خصوصی شرکت، قائم مقام گورنر ملک احمد بھی پہنچے،5 لاکھ لٹر تازہ دودھ کی سبیل لگائی گئی 
لاہور(خصوصی رپورٹ )حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے982 ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ شاندار تقریبات خصوصی ختم شریف اور درود و سلام سے اختتام پذیر ہو گئیں۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے خصوصی شرکت کی اور چادر پوشی کی،قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے بھی مزار شریف پر حاضری دی، خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی رمضان سیالوی نے اختتامی دعا کروائی۔اختتامی دعا میں ملک وملت کی سلامتی و سربلندی، اس کی نظریاتی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت، مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور فلسطین عوام کے مصائب اور مشکلات کے حل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اختتامی دْعا میں لاکھوں عقیدت مندوں کی شرکت رہی، گریٹر اقبال پارک سے کچہری چوک تک کے علاقے میں زائرین کا ہجوم نظر آیا،زائرین کی تواضع کیلئے دودھ کی سبیل اور نذرونیاز کی تقسیم کا سلسلہ چوبیس گھنٹے جاری رہا، عقیدت مند مزار پر آ کر تبرک تقسیم کرتے رہے، عرس کے موقع پر لگائے گئے مختلف اشیاء  کے سٹالز سے زائرین نے بھرپور خریداری بھی کی۔سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے کہا بہترین انتظامات اور سرپرستی کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کے سر ہے،فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی سپر ویڑن میں 5 لاکھ لٹر تازہ دودھ سبیل کے ذریعے زائرین تک پہنچانے کا اہتمام ہوا،تین روزہ عرس تقریبات میں 15 لاکھ سے زائد زائرین نے دربار شریف پر حاضری کی سعادت حاصل کی۔