بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے عرس کی تقریبات اختتام پذیر

پاکپتن(خصوصی رپورٹ )حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے 783 ویں عرس مبارک کی پندرہ روزہ تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔ ایڈیشنل ڈی سی ریونیو زخرف فدا ملک نے آخری روز بہشتی دروازہ کی قفل کشائی کے موقع پر کہا برصغیر پاک و ہند میں اولیائے کاملین نے اسلام کی تبلیغ، روحانی اصلاح، اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انکی تعلیمات آج بھی انسانیت، تحمل، اخوت اور عاجزی کا درس دیتی ہیں۔ حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکر کی حیات طیبہ ایسے ہی روحانی فیض کا سرچشمہ ہے، جن کی درگاہ سے ہر خاص و عام کو رشد و ہدایت اور قلبی سکون میسر آتا ہے۔ قفل کشائی کی سعادت ایڈیشنل ڈی سی ریونیو زخرف فدا ملک اور ڈی پی اوجاوید اقبال چدھڑ نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ماریہ طارق بھی موجود تھیں۔