لاہور پولیس نے جشن آزادی پر اپنا ریکارڈ توڑ دیا

لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے جشن آزادی کے موقع پر شہر میں مکمل امن و امان برقرار رکھا اور گزشتہ برس کے ریکارڈ کو توڑ دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق رواں سال ون ویلنگ کے 71 مقدمات درج ہوئے جو گزشتہ سال کے 155 مقدمات سے 50 فیصد کم ہیں۔ ہوائی فائرنگ کرنے والے 10 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 1 رائفل، 11 پسٹلز اور درجنوں گولیاں برآمد کی گئیں جبکہ پبلک ڈسٹربنس ایکٹ پر 10 مقدمات درج ہوئے۔ دورانِ چیکنگ 71 مشکوک موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔ فیصل کامران نے کہا کہ شہر میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ پرامن اور محفوظ جشن آزادی منایا گیا، شہریوں کو کوئی بڑا حادثہ یا انتشار نہیں ہوا، اور پولیس نے 24 گھنٹے الرٹ رہ کر تمام حساس مقامات اور شاہراہوں پر بھاری نفری تعینات رکھی۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق جشن آزادی کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے تمام انتظامات کامیابی سے مکمل کیے گئے۔