پاکستان نے جدید ترین کروز میزائل ’’فتح چہارم‘‘ کی کامیاب تیاری کا اعلان کر دیا

پاکستان نے جدید ترین کروز میزائل ’’فتح چہارم‘‘ کی کامیاب تیاری کا اعلان کر دیا

وطن عزیز کے ماہرین سائنس و ٹیکنالوجی نے ایک اہم عسکری پیش رفت کرتے ہوئے زمین سے زمین پر 750 کلومیٹر تک مار کرنے والے جدید ترین کروز میزائل ’’فتح چہارم‘‘ کو تیار کر کے دنیا بھر میں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا لوہا منوا دیا ہے۔

یہ میزائل 1530 کلوگرام وزنی ہے جس میں 300 کلوگرام کا جنگی بم شامل ہے اور اس کی لمبائی 7.5 میٹر ہے۔ ’’فتح چہارم‘‘ 0.75 ماخ کی رفتار سے حرکت کرتا ہے اور زمین کی سطح سے محض 50 میٹر کی بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کی وجہ سے دشمن کے ریڈار کے لیے اس کا سراغ لگانا انتہائی مشکل ہے۔پاک فوج کے زیر استعمال یہ میزائل دشمن کے جنگی ہوائی اڈوں، میزائل ڈیفنس سسٹمز، ریڈارز اور دیگر زمینی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے موثر ثابت ہوگا۔ اس جدید ٹیکنالوجی کی بدولت افواج پاکستان کی حملہ آور صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

’’فتح چہارم‘‘ کا گائیڈینس نظام مکمل طور پر مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ہے، جو خود بخود ٹارگٹ کی شناخت کرتا ہے اور انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بناتا ہے۔ یہ میزائل پاکستان میں عسکری سائنس و ٹیکنالوجی کی غیر معمولی ترقی اور خود مختاری کا عملی ثبوت ہے۔اس نئی پیش رفت کے ساتھ، پاکستان نہ صرف اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کر رہا ہے بلکہ دنیا بھر میں اپنے سائنسی و عسکری میدان میں بلند معیار کو بھی ظاہر کر رہا ہے۔